اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کا باہمی تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ

ہفتہ 10 اگست 2024 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کھیلوں کے ایک مضبوط نظام کی تعمیر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ تعاون خوشگوار زندگی گزارنے کے لیے اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہاں چیمبر ہاؤس میں ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ملک عطا اور ان کی ٹیم سے ملاقات کے دوران بختاوری نے اسلام آباد میں کھیلوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں باہمی تعاون پر مبنی کوششوں کو بروئے کار لانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ دارالحکومت میں کھیلوں کے فروغ کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں 92.97 میٹر کے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ ایتھلیٹکس میں ملک کے لیے پہلا اولمپک طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی اور چیمبر کے لیےسی ڈی اے کے ساتھ تعاون سے اس فتح کا جشن منانا فخر کی بات ہو گی۔

۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی دارالحکومت میں اتھلیٹکس اور دیگر کھیلوں کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اگر سی ڈی اے چیمبر کے لیے کوئی گراؤنڈ مختص کرے تو یہ بہت اچھا ہو گا جسے کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی کے تحت تمام ضروری جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی اپنے اراکین اور شہریوں کے فائدے کے لیے ایک اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا بھی ارادہ رکھتا ہے اور وہ ایتھوپیا کے سفیر کے تعاون سے جو خود میراتھن رنر ہیں دارالحکومت میں ایک میراتھن کا انعقاد کرنا چاہتا ہے ۔

جو یقیناً شہر اور ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے سابق صدر ظفر بختاوری اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے بھی شہر میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر مبنی کوششوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کے فائدے کے لیے جو مستقبل کے قوم کے معمار ہیں ناگزیر ہیں۔

ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر سی ڈی اے ملک عطا نے آئی سی سی آئی بالخصوص اس کے صدر احسن ظفر بختاوری کی سی ڈی اے کو کاروبار میں آسانی کے لیے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے سلسلے میں مسلسل تعاون پر سراہتے ہوئے اتھارٹی کے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کا تعاون درحقیقت نہ صرف محکمہ بلکہ رہائشیوں کے لیے بھی ایک عظیم خدمت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی جلد از جلد تشکیل دی جائے گی جو اس پلان پر عملدرآمد اور طریقہ کار کو حتمی شکل دے گی۔ملاقات میں شریک ہونے والوں میں چوہدری مقصود تابش، ڈاکٹر عثمان، ملک بشیر اعوان، ساجد اقبال، ناصر چوہدری، امتیاز عباسی اور چوہدری عرفان بھی شامل ہیں۔