پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان

جمعرات 22 اگست 2024 12:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے،دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل لیول پر ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ رودکوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں،گزشتہ روز پتوک اور سوری شمالی سے درمیانے درجے جبکہ زنگی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا ،راجن پور اور ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں نارمل صورتحال ہے،سیلابی ریلوں کے راستوں میں مقیم شہریوں کو پیشگی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 71 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے،بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح بھی کم لیول پر ہے،بھاکڑا ڈیم 54 فیصد پونگ 53 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد تک ہے،نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں،شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔