Live Updates

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں مزید بارش کا امکان

کراچی میں بھی طوفان کے زیر اثر وقفے وقفے سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 اگست 2024 14:33

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں مزید بارش کا امکان
لاہور/کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2024ء ) آئندہ 24 گھنٹوں میں بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ ،چناب، راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، نارووال میں نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل تاہم ہل ٹورنٹس میں سیلابی وارننگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں، شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں طوفان کے زیر اثر وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور دیگر اضلاع میں تیزہواؤں کا امکان ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں، سندھ کے اضلاع دادو جبکہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں یکم ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے، 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سے 120 کلومیٹر دور رہ گیا جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان اسنا کے حوالے سے چھٹا الرٹ جاری کردیا، سندھ کے ساحل سے شمال مشرقی بحیرہ عرب پر آنے والا سمندری طوفان اسنیٰ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 120 کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلو میٹر رہ گیا ہے، بلوچستان کے ساحلی مقام اوڑماڑہ سے طوفان کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔

Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات