قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل ہے، صدر زرداری

باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں‘وزیراعظم شہباز شریف جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام پیغامات

اتوار 15 ستمبر 2024 11:30

قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل ہے، صدر زرداری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2024ء) صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے زور دیا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے۔مصنوعی ذہانت کی استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت کو بڑھانے، احتساب اور سرکاری انتظامیہ کی استعداد کار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے جمہوریت کے تحفظ، عوامی تحفظات کو دور کرنے اور عوام کی شمولیت کیلئے پالیسیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے میں پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور اس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت کا آئینی اقدارکی پاسداری ، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے، منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان جمہوری اقدار کی پاسداری بحیثیت قوم ہماری پہچان ہے آئیں ہم شمولیت، انصاف اور سب کیلئے مساوات کے قیام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیںگے۔شہبازشریف نے کہا کہ ہم متحد ہو کر جمہوریت کی بنیادیں مستحکم کرسکتے ہیں اور یہ یقینی بناسکتے ہیں کہ یہ آئندہ نسلوں کیلئے امید اور ترقی کی کرن ثابت ہو۔