پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی بات کی ،تعمیری سیاست کو فروغ دیا ‘رانا جمیل منج

انتشار ،لڑائی کی سیاست قومی مفاد میں نہیں،ملکی حالات کو بہتر بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے

اتوار 15 ستمبر 2024 11:50

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2024ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی بات کی اور تعمیری سیاست کو فروغ دیا ہے،انتشار اور لڑائی کی سیاست قومی مفاد میں نہیں،ملکی حالات کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ این اے 171 رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کی تاریخی جیت پاکستان میں ایک نئی اور مثبت سیاست کی ابتدا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نظریے اور بیانیے کی تائید کی ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں نفرت، تقسیم اور الزام تراشیوں کی سیاست کو دفن کر دے گی۔رانا جمیل منج نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسے میں غیر جمہوری زبان استعمال کی گئی، پاکستان کے عوام اس وقت سازش، گالم گلوچ کی سیاست اور قیدی نمبر آٹھ سو چار کے ساتھ نہیں کھڑے۔موجودہ حالات میں کوئی بھی ادارہ تنہا موثر طریقے سے کام نہیں کرسکتا، ملکی حالات کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔