گورنرپنجاب سلیم حیدر سے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصرکی ملاقات ،احتساب سہولت سیل پر تفصیلی بریفنگ دی

بدھ 18 ستمبر 2024 20:57

گورنرپنجاب سلیم حیدر سے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصرکی ملاقات ،احتساب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصرنے ملاقات کی۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرکو احتساب سہولت سیل(اے ایف سی)پر تفصیلی بریفنگ دی ۔گورنر پنجاب نے چیئرمین نیب کی زیر نگرانی ادارے میں کی گئی اصلاحات کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں ترقی کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جس ملک میں سسٹم اور فریم ورک اپنی جگہ پر ہوں وہاں کرپشن سمیت دیگر جرائم کی شرح کم ہوتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں احتسابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی ہو گی ، نہ ہی کسی کی عزت نفس مجروح کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس میں بھی احتساب سہولت سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اے ایف سی سپیکر صوبائی اسمبلی کی زیر نگرانی گریڈ 20 کے آفیسر کے ماتحت کام کرے گا۔

چیئرمیں نیب نے کہا کہ کسی بھی ممبر صوبائی اسمبلی کیخلاف درج شکایت کو احتساب سہولت سیل میں سکروٹنی کیلئے ریفر کیا جائیگا۔ سیل صوبائی اسمبلی ممبران کے خلاف نیب کو موصول شکایات پر ابتدائی سکروٹنی کرے گا تاہم نیب کسی بھی ایم پی اے کے خلاف موصول شکایت ڈائریکٹ ڈیل نہیں کرے گا اور سیل ابتدائی تحقیقات کے بعد مذکورہ شکایت بذریعہ سپیکر نیب کو واپس ارسال کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ نیب آئندہ اراکین اسمبلی کے خلاف گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا۔ ڈپٹی چیئر مین نیب نے کہا کہ غلط اور بے بنیاد درخواست پر درخواست دہندہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔گورنر پنجاب نے چیئرمین نیب کے مثبت اقدامات کو سراہا اور گورنر آفس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دیں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی ۔

عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن الحاج یعفور رضا عطاری اور عوام کی بڑی تعدادموجود تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج وہ مبارک دن ہے جب وجہ تخلوق کائنات محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں تشریف لائے ۔ اُنہوں کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہدکرنا ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیی وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں گے۔