پروفیسر ابراہیم کا ڈیرہ میں ممبر سازی کیمپ کا افتتاح

مسلم لیگ چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے باؤلی ہوتی جا رہی ہے‘ صوبائی امیر جے آئی

جمعہ 20 ستمبر 2024 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2024ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جی پی او چوک ڈیرہ اسماعیل خان میں ممبر سازی کیمپ کا افتتاح کر کے ممبر سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے عہدے داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے باؤلی ہوتی جا رہی ہے۔

عجلت میں قانون سازی کر کے اپنا ہی نقصان کروائے گی۔ نکمے اور نا لائق حکمران یہ نہیں سوچتے کہ یہی قانون بعد میں انہی کے لیے درد سر بنے گا اور پھر یہ چیخیں چلائیں گے۔ میاں شہباز شریف ہوش و حواس کھو چکے ہیں جو بھی حکم مل رہا ہے اسے اگے لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن نہیں ظلم و جبر کا دور دورہ ہے، جنرل پرویز مشرف کے دور کی پالیسیاں آج بھی جاری ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے وہی پالیسیاں نافذ کی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ظلم پر مبنی پالیسیوں کی مخالفت کر رہی ہے۔ حکمران چوری کرکے سینہ زوری بھی کررہے ہیں اور ہمیں ڈرا رہے ہیں۔ عوام ظالم حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ظلم و جبر کا دفاع کرنے والے اب بجلی کے ٹیکسوں میں کمی کرنے پر عوام کو خوش خبریاں سناتے پھر رہے ہیں۔ یہ تو ابھی شروعات ہیں، یہ سلسلہ آگے بڑھے گا، اگر عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں گے تو زیادتیاں مزید کم ہوں گی۔

کارکنان لوگوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں۔ ممبر بننے کا مقصد ظلم کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مظلوم مسلمانوں کا عملی طور پر کوئی ساتھ نہیں دے رہا۔ ہم مسلم حکمرانوں کی غیرت و حمیت کو جگانا چاہتے ہیں، ہم فلسطین پر اسرائیل کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ اسرائیل امریکا و برطانیہ کی ناجائز ریاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف کا نظام لانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر متحرک و فعال ہے۔ مقتدر لوگوں کی عیاشیاں ختم کردی جائیں تو ملک میں امن ترقی و خوش حالی آئے گی۔ ہم ان سے عوامی حقوق چھینیں گے۔ ضلعی امیر منظر مسعود خٹک نے کہا کہ ممبر سازی مہم کا باقاعدہ افتتاح ہوچکا ہے۔ اب کارکن گھر گھر جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر و وزیر اعلیٰ ڈیرہ سے تعلق رکھتے ہیں مگر عوام بجلی و گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لہذا شہری جماعت اسلامی کی ممبر شپ لیں اور زیادتیوں کے خلاف اس کے دست و بازو بنیں۔ اس موقع پر شعیب اعوان کی قیادت میں جماعت اسلامی یوتھ ڈیرہ اسماعیل خان کی نئی کابینہ کی حلف برداری بھی کی گئی۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے حلف لیا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری اسد جان، سابق امراء اور دیگر عہدے داران زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، مولانا سلیم اللہ ارشد، محمد بشیر ہرگن، عبد المتین بابڑ، قیصر نواز بلوچ ایڈوکیٹ اور محمد نعمان سدوزئی بھی موجود تھے۔