Live Updates

عمران خان کا جسٹس منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ

قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کا بینفشری ہے وہ انصاف ہونے نہیں دے رہا، یہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز ان کے تابع ہو جائیں۔ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 ستمبر 2024 13:53

عمران خان کا جسٹس منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس نوٹیفکیشن جاری کرنے ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا مقصد چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرکے قاضی فائز عیسیٰ کو آئینی کورٹ میں بٹھانا چاہتے ہیں، قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کا بینفشری ہے وہ انصاف ہونے نہیں دے رہا، تھرڈ ایمپائر سب کنٹرول کر رہا ہے، وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے، ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ سامنے نہ آ جائے اور پی ٹی آئی اوپر نہ آ جائے۔

عمران خان کہتے ہیں کہ قاضی فائز عیسیٰ نے ہمارا انتخابی نشان تک لے لیا تھا اور یہ سب سے زیادہ دھاندلی زدہ انتخابات کی تعریف کرتا ہے، کل سے جو کچھ ہو رہا ہے اس سے تو بالکل واضح ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کیلئے اِن کو اپنے ججز چاہئیں، یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز ان کے تابع ہو جائیں، ہمارا مطالبہ ہے اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کرلیا اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں، گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں، 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا لیکن ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسی نے یہ نہیں کہا، ججز کو آج دھمکیاں مل رہی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے جو کہا چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اُن کو کیوں نہیں سُن رہا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں، ججز بس آ کر سنا دیتے ہیں، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو حکومت ہے، مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے وہ لوگ حقوق چاہتے تھے، طاقت کا استعمال کر کے اُنہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا، یحییٰ خان نے اپنی طاقت کے لیے جیتی ہوئی جماعت کو اقتدار نہیں دیا، اس وقت سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے اس پر آرٹیکل سکس لگے گا اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات