ایچ ای سی کے زیر اہتمام ایوارڈز کی تقریب ، 7 ریسرچ اور 3 بہترین یونیورسٹی ٹیچر ز کو ایوارڈز سے نوازا گیا

منگل 1 اکتوبر 2024 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام منگل کے روز ریسرچ ایوارڈز اور بہترین یونیورسٹی ٹیچرز ایوارڈز کی تقریب ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں 7 ریسرچ ایوارڈز اور 3 بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈز سے نوازا گیا ، ایوارڈز کا مقصد پاکستان کے تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سراہنا اور ایک موثر تحقیق کے کلچر کو فروغ دینا ہے ۔

ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الحق قیوم، ممبر ریسرچ اینڈ انوویشن ایچ ای سی ڈاکٹر بشریٰ مرزا، ریویو کمیٹیوں کے اراکین اور ایچ ای سی کی سینئر انتظامیہ نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریسرچ ایوارڈز سوشل سائنسز، فزیکل سائنسز اور لائف سائنسز کی کیٹیگری میں دیئے گئے۔

ایک جامع جائزے کے عمل کے بعد بہترین پبلی کیشن، بہترین ریسرچ اور بہترین نوجوان محقق کی ذیلی کیٹیگریز میں فاتحین کا انتخاب کیا گیا۔سوشل سائنسز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر نادیہ آغا شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے بہترین پبلی کیشن کا ایوارڈ جیتا، ڈاکٹر جواد سرور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے بہترین محقق کا اعزاز حاصل کیا اور ڈاکٹر مہناز منصور ہمدرد یونیورسٹی نے بہترین نوجوان محقق کا انعام حاصل کیا۔

فزیکل سائنسز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر محمد اکرام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے بہترین پبلی کیشن کا ایوارڈ ، ڈاکٹر حق نواز بھٹی یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد نے بہترین محقق کا اعزاز حاصل کیا اور ڈاکٹر کاشف اسحاق محمد علی جناح یونیورسٹی نے بہترین نوجوان محقق کا انعام جیتا۔لائف سائنسز کی کیٹیگری میں بہترین نوجوان محقق کا اعزاز ڈاکٹر شاہ فہد یونیورسٹی آف ہری پور کو دیا گیا۔

بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈز سال 2023 ء کے لئے فزیکل سائنسز اور انجینئرنگ کی کیٹیگری میں رقیہ بی بی شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور، لائف سائنسز اور میڈیسن کی کیٹیگری میں ڈاکٹر محمد علی چغتائی گندھارا یونیورسٹی پشاور اور سوشل سائنسز اور ہیومینیٹیز کی کیٹیگری میں ڈاکٹر سلیمہ احسن اقراء یونیورسٹی کراچی کو دیئے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے تمام فاتحین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پاکستان اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو سہولیات اور وسائل مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اعلیٰ تعلیمی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ملکی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ رکن ریسرچ اینڈ انوویشن ایچ ای سی ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے معاشرے میں تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تحقیق کا نظام کیسے قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 30 سال قبل تحقیق کا کوئی کلچر نہیں تھا جب تک کہ ایچ ای سی کا قیام عمل میں نہیں آیا، جس نے آر اینڈ ڈی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے، اگرچہ ہمارا ترقی کا سفر ابھی جاری ہے ، لیکن اب وقت ہے کہ ہم اپنے معاشرے کے فائدے کے لیے اپلائیڈ ریسرچ پر توجہ مرکوز کریں۔