نئی دلی : پولیس نے وزیر اعلیٰ کو سونم وانگچک سے ملاقات سے روک دیا

منگل 1 اکتوبر 2024 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) بھارتی پولیس نے نئی دلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو لداخ کے گرفتارسماجی اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سے ملاقات سے روک دیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے گزشتہ شب سونم وانگچک،بھارتی رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ جان اور 120دیگر افرادکو لداخ کی چھٹے شیڈول میں شمولیت اور مقامی زمینوں اورخطے کی شناخت کے تحفظ کے لیے نئی دلی کی طرف مارچ کے دوران دلی کے سنگھو بارڈر سے گرفتار کرلیا تھا۔

منگل کی صبح نئی دلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ آتشی سونم وانگچک سے ملاقات کیلئے بوانا پولیس اسٹیشن پہنچیں۔تاہم پولیس نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی ۔ وزیراعلیٰ نے تھانے کے باہر صحافیوںسے گفتگو میں ملاقات سے روکنے پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیاکہ جمہوری طریقے اپنے بات پیش کرنے کیلئے نئی دلی آنے والے سونم وانگچک کو کیوں گرفتار کیا گیاہے؟انہوں نے کہاکہ وہ لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے سونم وانگچک کے مطالبے کی حمایت کرتی ہیں اور نئی دلی کی طرح لداخ کو بھی مکمل ریاست کا درجہ ملنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ بی جے پی جمہوریت سے ڈرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے آمرانہ رویہ اختیار کررکھا ہے اور وہ منتخب حکومتوں کو کام کرنے سے روک رہی ہے ۔