پی ٹی آئی کا احتجاج، مینارپاکستان اور اطراف کے راستے سیل، بھاری نفری تعینات

صوبائی حکومت نے احتجاج ناکام بنانے کیلئے اپنی تمام تیاریاں کر لیں، پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی فرائض انجام دیں گے، لاہورسے اسلام آباد، سیالکوٹ موٹر وے مکمل بند

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اکتوبر 2024 10:24

پی ٹی آئی کا احتجاج، مینارپاکستان اور اطراف کے راستے سیل، بھاری نفری ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05اکتوبر 2024) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث مینار پاکستان اور اس کے اطراف کے راستوں کو کینٹنرز لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا، پولیس نے شہر کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے،صوبائی حکومت نے احتجاج ناکام بنانے کیلئے اپنی تمام تیاریاں کر لیں،ریلوے سٹیشن، مینار پاکستان گراونڈ اور لاری اڈے کو جانے والی سڑکوں اور دیگر مقامات پر بھی کنٹینر پہنچا دئیے گئے، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ دفعہ 144 کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گی اور مظاہرین پر قابو پانے کیلئے تیار ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی فرائض انجام دیں گے جبکہ پولیس ڈھائی سوسے زائد کارکنوں کو حراست میں لے چکی ہے جبکہ انتظامیہ پہلے ہی مینار پاکستان کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا چکی ہے۔

(جاری ہے)

بابوصابو انٹرچینج اور ٹھوکر نیاز بیگ پر واٹر کینن، قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے، موٹروے بند ہونے کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباو بڑھنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور میں داخل ہونے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا۔ قصور، ٹھوکر نیاز بیگ کاہنہ نو اور کینال سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو بھی بند کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کے جلسہ کے باعث شہریوں نے اپنی سرگرمیاں بھی محدود کردی ہیں۔مینار پاکستان پر بانی تحریک انصاف کی سالگرہ کا جلسہ منعقد کرنے کے اعلان پر بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے آزادی فلائی اوور پر کیمپ لگا دیا اور داتا دربار کے قریب روڈ بلاک کیلئے کنٹینر بھی پہنچا دئیے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تاحال این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا۔دوسری جانبشہر میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی تیاری، ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لاہور پولیس کے ساتھ اینٹی رائٹ فورس بھی متحرک کر دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کسی بہکاوے میں آ کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہرگز مت کریں، امن عامہ میں رکاوٹ بننے والوں کو مقدمات اور جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سرکاری و شہری املاک اور شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، کسی بھی قسم کے احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس سمیت شہر بھر میں غیر مسلح اضافی نفری موجود ہے، ضرورت پڑنے پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔