محمد حارث اے سی سی مینزٹی ٹونٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے،پی سی بی

پیر 7 اکتوبر 2024 16:58

محمد حارث اے سی سی مینزٹی ٹونٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2024ء) پاکستان کے لیے 9 ٹی ٹونٹی اور 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے محمد حارث 18 اکتوبر سے اومان میں شروع ہونے والے اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز 16 اکتوبر کو اومان روانگی سے قبل 11 سے 15 اکتوبر تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔

عبدالصمد، احمد دانیال، یاسر خان اور زمان خان پہلی بار پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔ عبدالصمد نے حال ہی میں ہونے والے بحریہ ٹاون چیمپئنز ون ڈے کپ میں یو ایم ٹی مارخور کے لیے نمائندگی کی اور 122.88 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیا۔ نورپور لائنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے احمد دانیال نے 10 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الائیڈ بینک سٹالینز کی طرف سے یاسر اور زمان نے بالترتیب 4 اور 2 میچز کھیلے۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ان ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تمام میچ مسقط کے اومان کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ میں ہوں گے۔گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز بھارت اے، اومان اور یو اے ای شامل ہیں۔حارث کی زیرقیادت شاہینز کا مقابلہ 19 اکتوبر کو اپنے افتتاحی میچ میں گزشتہ سال کی فائنلسٹ بھارت سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں شاہینز کا دوسرا مقابلہ 21 اکتوبر کو میزبان اومان کے خلاف ہوگا اس کے بعد اس کا آخری گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 27 اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔عثمان واہلہ ڈائریکٹر پی سی بی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پی سی بی کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

ہم رکن ممالک میں کھلاڑیوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ابھرتی ہوئی ٹیموں کے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ جیسے اقدامات نوجوان صلاحیتوں کے فروغ اور بہترین کارکردگی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم ہیں۔پاکستان شاہین سکواڈمیں محمد حارث (کپتان ) عبدالصمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، حیدر علی، حسیب اللہ ، مہران ممتاز، محمد عباس آفریدی، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم، یاسر خان اور زمان خان شامل ہیں۔