Live Updates

دورِ حاضر کے شمر اور ہٹلر طاقت کی زبان کے سوا کچھ نہیں سمجھتے‘ ڈاکٹر اصغر مسعودی

خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران میں شہدائے راہ اقدس کی یاد میں نشست

جمعہ 11 اکتوبر 2024 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2024ء) خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور کے زیر شہدائے راہ اقدس کی یاد میں ادبی شعری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران نے خصوصی شرکت کی۔ماہر اقبالیات بریگیڈیئر (ر)وحید الزمان طارق مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں نغمانہ خورشید کی کتاب شاہنامہ ائمہ کرام کی تقریب رونمائی بھی کی گی۔

ادبی نشست میں شعرا ء پروفیسر علی مزمل، ڈاکٹر شاہین زیدی،فریدہ خانم ،ڈاکٹر نوشین خالد،طاہر ناصر علی ،قیصر عباس،ڈاکٹر جاوید خان،مغیر احمد،ثقلین جعفریہ،شہباز نقوی،اسلم شاہد،مدثر اعظمی،فریدہ خانم اور نوید انور نے اپنے کلام کے ذریعے شہدائے راہ اقدس کو خراج عقیدت پیش کیا اور خانہ فرہنگ کی جانب سے نشست کے اہتمام پر ڈاکٹر اصغر مسعودی کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ ہم نے غزہ میں جنگ بندی کے راستے کھولنے کے لیے انتظار کیا مگر دورِ حاضر کے شمر اور ہٹلر طاقت کی زبان کے سوا کچھ نہیں سمجھتے۔اسرائیل نے بے گھر لوگوں، سکولوں، مساجد، ہسپتالوں اور خیموں کو نشانہ بنایا اور 80 ٹن امریکی بنکر بسٹر بموں سے مجاہدین کے دلوں کے پسندیدہ مزاحمتی لیڈر کو شہید کر دیا۔

ہمیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق، بین الاقوامی قوانین کے تحت، اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور آپریشن وعدہ صادق 2 میں، ہم نے 200 میزائلوں سے صرف ان فوجی اور سکیورٹی مقامات کو نشانہ بنایا ۔جو غزہ اور لبنان میں نسل کشی کے ذمہ دار ہیںاسرائیلی فوجی مقامات پر حملہ کر کے ہم نے غزہ کے بچوں کو خوشی دی اور بچوں کے قاتل فوجیوں میں خوف و ہراس پھیلایا۔

ڈی جی خانہ فرہنگ نے کہا کہ شاعروں اور ادیبوں کو تاریخ کے لیے حقائق محفوظ کرنے اور تحریف سے بچانے کے لیے غزہ کے مظلوم بچوں کی مدد کو آنا چاہیے، نسل کشی اور قبضہ کرنے والوں کے ظلم کے بارے میں لکھنا چاہیے، ان لوگوں کی مظلومیت کو بیان کرنا چاہیے جو ملبے تلے دبے رہے اور ان کی مدد کو کوئی ہاتھ نہ آیا، سوائے سید حسن، حسین، اور سید علی کے پرچم کے جو ایران، عراق، اور یمن میں بلند ہوا، اور پاکستان کے لوگ جو جانفشانی سے ان کے حق میں کھڑے ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاعر آگاہی پھیلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں خاموشی کو توڑکر غزہ، لبنان، اور یمن کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات