ادارے آئین و قانون کی حد میں رہ کر عوام کی خدمت کریں‘برجیس طاہر

آئین اور قانون کی بالادستی کا اصول ملکی ،معاشرتی ترقی کا ضامن ہے‘ نائب صدر (ن) لیگ

پیر 21 اکتوبر 2024 13:04

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2024ء) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ،سابق گورنر وفاقی وزیر چوہدری محمدبرجیس طاہرنے کہا ہے کہ ادارے آئین اور قانون کی حد میں رہ کر کام کریں ،آئین اور قانون کی بالادستی کا اصول ملکی اور معاشرتی ترقی کا ضامن ہے۔،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگلہ ہل کے نواحی گاں حلقہ این اے 111 سوڈیوال میں بجلی کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر گائوں کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ادارے آئین اور قانون کی حدمیں رہ کر عوام کی خدمت کریں،عام شہری اور مزدور کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی ،تمام ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں اور عام ادمی کو ریلیف فراہم کریں،آئین اورقانون کی بالا دستی ملک میں امن و امان اورمعاشرتی و سماجی ترقی کی ضامن ہے، ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کاراز قانون کی بالا دستی کو بروئے کار لانا ہے۔

(جاری ہے)

برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان میں آئین اورقانون کے عدم توازن سے مسائل بڑھے۔آنے والا وقت نوجوانوں کاہے،نوجوان تربیت کے ساتھ ساتھ محبت اور عزت نفس کا متلاشی ہے ان کی تربیت میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت بھی وقت کااہم تقاضہ ہے،نوجوان آگے بڑھیں اور ملک کی باگ دوڑ میں اپناکرداراداکریں ۔انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کے وژن کے مطابق صوبائی اور وفاقی حکومتیں ملک سے مہنگائی،بے روزگاری کے خاتمے اور جوانوں کوتربیت اورروزگارکی فراہمی میں ہرممکن اقدامات کررہی ہیں۔

جن میں وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نوازشریف کی کارکردگی سب کے لئے آئینہ دارہے،اس موقع پر لیسکو حکام،کوارڈینیٹر لیسکو حلقہ نے 111چوہدری عبدالجبار اپل،کوارڈینیٹر این اے 111 چوہدری محمد عاصم رندھاوا،چوہدری محمدنوید سیان،چوہدری ریاض چڈھر سمیت ورکروں کارکنوں اور اہل علاقہ کی بھاری تعدادموجود تھی۔