سندھ میں مسافر کوچ و مزدا میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 18 زخمی

بلوچستان سے پنجاب جانے والی کوچ کو حادثہ ٹھل میں اے سیکشن تھانے کی حدود میں پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 نومبر 2024 11:46

سندھ میں مسافر کوچ و مزدا میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 18 زخمی
جیکب آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 نومبر2024ء ) صوبہ سندھ میں مسافر کوچ اور مزدا کے تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع جیکب آباد میں مسافر کوچ اور مزدا میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 18 دیگر زخمی ہوگئے، جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مسافر کوچ کو حادثہ ٹُھل کے گرڈ اسٹیشن کے قریب اے سیکشن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 کمسن بچے بھی شامل ہیں، حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے پنجاب جانے والی کوچ کو حادثہ تیز رفتاری باعث پیش آیا، حادثے کے زخمی افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال ٹھل منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل مانسہرہ میں مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے ،کوسٹر گلگت سے راولپنڈی کی جانب جا رہی تھی، جس کو حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا اور یہ کوسٹر بس مانسہرہ میں کلگان موڑ کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 18 سے زائد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو کے ٹی ایچ مانسہرہ منتقل کیا گیا۔

جب کہ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی اوت ایس پی ہزارہ موٹروے کی زیر نگرانی امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں، پولیس کا کہنا تھا کہ مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، زخمی مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ، جاں بحق مسافروں کی شناخت عبداللہ، شفقت اللہ، بخت اللہ اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ۔