ملک دشمن قوتوں کا یہ گھنائونا جرم معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنا ہے، بلوچستان میں ملک دشمن قوتوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، انجینئر عبدالعلیم خانزادہ

اتوار 10 نومبر 2024 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2024ء) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی این اے 219 پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے کوئٹہ بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کا یہ گھنائونا جرم معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنا ہے، بلوچستان میں ملک دشمن قوتوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور وہ ہر کچھ عرصے بعد اس طرح کے جرائم کے ذریعے قیمتی جانوں ہی نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت و معاشرت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر یقین کا اظہار کیا کہ جلد یہ مجرمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ انہوں نے شہدا کوئٹہ کی مغفرت و بخشش اور زخمیوں کے لئے دعا صحت کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان سے بھی مطالبہ کیا کہ شہدا و زخمیوں کو مالی معاوضہ ادا کیا جائے اور مستقبل میں ایسی مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔