عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے

84 سالہ بزرگ سیاستدان گردوں کے مرض میں مبتلا تھے‘ نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 نومبر 2024 10:19

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر 2024ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کی خاتون رہنما ثمر ہارون بلور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر الیاس احمد بلور کا انتقال ہو گیا ہے، الیاس بلور کی نمازِ جنازہ کل دوپہر 2 بجے پشاور کے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔

مرحوم اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور و شہید بشیر احمد بلور کے بھائی اور غضفر بلور کے والد تھے، غلام احمد بلور نے بتایا ہے کہ الیاس احمد بلور کئی ماہ سے ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، وہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور آج صبح 4 بجے ان کا انتقال ہوا۔ صدرِ مملکت آصف زرداری نے الیاس احمد بلور کے انتقال پر اظہارِ افسوس، مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت، مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیاس بلور 9 جنوری 1940 کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالخلافہ پشاور میں ایک سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئے، اسی شہر سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی، ایڈورڈز کالج سے فیکلٹی آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے 1969ء میں جامعہ کراچی سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی، 1999ء میں الخیر یونیورسٹی آزاد جموں و کشمیر سے مارکیٹنگ ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

معلوم ہوا ہے کہ سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں، وہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلیٰ منتخب عہدوں پر بھی رہے، مرحوم سیاست کے آغاز سے ہی اے این پی سے وابستہ تھے، 2012 میں وہ اے این پی کے سینیٹربنے تھے، تاہم الیاس بلور کے بیٹے غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد الیاس بلور نے اپنی سیاسی سرگرمیاں ختم کردی تھیں۔