سانحہ پاراچنار قاتل کیخلاف وحدت امت کا متقاضی ہے،متحدہ علماء محاذ

پیر 25 نومبر 2024 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں اپنی عیادت کیلئے آنے والے مختلف مکاتب فکر کے علماء ، سیاسی و صحافی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ پاراچنار قاتل کیخلاف وحدت امت کا متقاضی ہے۔شیعہ سنی مشترکہ دشمن کو پہچانیں سازشوں کیخلاف بیدار ہوجائیں۔

بھارت ،امریکہ، اسرائیل ،قادیانی و استعماری اسلام و ملک دشمن قوتیں پاراچنار ، کوئٹہ بلوچستان، کراچی سمیت کلمہ طیبہ کی بنیاد پربننے والے اسلامی نظریاتی ملک پورے پاکستان میں فرقہ واریت و دہشت گردی کی آگ بھڑکاکر اسلامی ایٹمی پاکستان کو کمزور ،منتشر ،منقسم اور اپنا محکوم بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

محب اسلام و محب وطن غیور علماء و عوام بلاامتیاز رنگ و مسلک قومی و ملی یکجہتی، ملکی امن و استحکام وخوشحالی کیلئے مشترکہ باہمی اخوت و محبت، صبر و تحمل اور ایثارو قربانی کے جذبے سے مخلصانہ طور پر عملی جدوجہد کریں۔

اس موقع پر علماء و رہنمائوں نے پاراچنار کے مظلوم شیعہ سنی متاثرین و شہداء کے اہل خانہ سے اپنی دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہداء کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ علماء کا کہناتھا کہ سانحہ پاراچنار پر کے پی کے کی صوبائی حکومت کو قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکامی کااعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجاناچاہئے۔ علما ء نے قومی پرچم کی بے حرمتی ،افواج پاکستان کے خلاف منفی نعرے بازی کئے جانے کے غیر شرعی ، غیر قانونی ، غیر اخلاقی عمل کی مذمت کی۔