مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، سمعیہ ساجد

جمعہ 29 نومبر 2024 18:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2024ء) مرکزی چیئر پر سن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئر پرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے،ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، ہر کشمیری کی خواہش ہے کہ پاکستان معاشی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہو،پاکستان کی سلامتی اور اقتصادی ترقی میں کشمیر کا اہم کردار ہے، ہندوستان کی عدلیہ نے ہمیشہ کشمیریوں کے خلاف فیصلے دیے ہیں، ہندوستان نے اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنس خواتین ونگ حلقہ کوٹلہ کی صدرآمنہ فرید مغل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے انتخابات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، ایسے انتخابات کشمیری عوام کے لیے ناقابل قبول ہیں اور عالمی برادری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے انعقاد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کی جا رہی ہے، آزادکشمیر کی حکومت کے قیام کا مقصد ہی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کام کرنا ہے، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی اس اولین ذمہ داری کا احساس کریں اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔