پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے

ہفتہ 30 نومبر 2024 00:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2024ء) پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے،پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کے تین دنوں میں دوسرے بڑے حملے کو پسپا کر دیا گیا، دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔

ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر ڈی جی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ آور خوارجی دہشت گرد ایک بار پھر پسپا ہو گئے۔ سرحدی چوکی لکھانی پر 20 سے 25 دہشت گرد جمعہ کے روز ایک بار پھر حملہ آور ہوئے، خوارجی دہشتگردوں نے جدید اور بھاری اسلحہ سے شدید ترین فائرنگ کی۔ چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی آمد کی فی الفور نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف پولیس کے جوان سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے اور پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی فوری کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا، خوارجی دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔

ڈی پی او سید علی کی زیر قیادت ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیمیں فوری رسپانس کرتے ہوئے موقع پر پہنچیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والی پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا یہ تین دنوں میں دوسرا بڑا حملہ تھا۔ سرحدی علاقوں میں پولیس کا دیگر اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن جاری ہے۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ لکھانی چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کا مورال اور عزم و حوصلہ بلند ہے۔ دہشتگردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردوں کے ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔