بدین کی ساحلی پٹی کے علاقے احمد راجو اور دیگر مقامات کے لوگوں کو جبرا بے دخل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں،سید زین شاہ

بدھ 4 دسمبر 2024 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2024ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ گرین انیشیٹو پاکستان کے نام پر بدین کی ساحلی پٹی کے علاقے احمد راجو اور دیگر مقامات کے لوگوں کو جبرا بے دخل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، موجودہ نام نہاد جمہوری حکومت بدترین مارشل لا سے بھی زیادہ خطرناک ہے، ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم شہباز شریف اور آصف زرداری کو کہتے ہیں کہ اگر آج آپ پی ٹی آئی پر پابندی لگا گے تو کل یہ آپ پر لگے گی، ہم 6 کینال پر پیپلز پارٹی کے دہرے منافقانہ کردار کی مذمت کرتے ہیں، اگر پیپلز پارٹی سچی ہے تو صدر زرداری سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرے اور صدارتی محل سے 8 جولائی کے فیصلے کی وضاحت کر کے اس فیصلے کو رد کیا جائے اور پیپلز پارٹی وفاقی حکومت ہر دبا ڈالے ورنہ وفاق سے الگ ہو جائے اور سندھ اسمبلی سے ان 6 کینالوں کے خلاف واضح طور پر ایک قرارداد پاس کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے بعد جی ایم سید ایڈیفیس جامشورو میں میڈیا بریفننگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سید زین شاہ نے کہا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا گیا، یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے، گرین پاکستان انیشیٹو پاکستان کو سبز نہیں بلکہ پاکستان کے ایک یونٹ کو بنجر بنانے کے لئیے ہے، سندھ کے لوگوں کو طاقت کے زور پر بے دخل کیا جا رہا ہے، یہ کینال سندھ کو تباہ اور برباد کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 17 جنوری کو رہبر سندھ سائین جی ایم سید کی سالگرہ سن میں بھرپور طریقے سے منائی جائے گی اور ملک کے نامور سیاستدانوں کو مدعو کیا جائے گا، 15 تاریخ کو سائین جی ایم سید کے عظیم کردار کو سراہا جائے گا اور پورے سندھ میں مشعل بردار ریلی نکالی جائے گی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی سندھ بھر میں 9 سے 15 دسمبر تک نئے کینال بنانے کے خلاف بیداری مارچ نکالے گی جس میں مستقبل میں غیر قانونی کینالوں کے خلاف عوامی طاقت کے ذریعے سندھ کے عوام کو تحریک چلانے کے لئیے تیار کیا جائے گا، 6 دسمبر کو کراچی میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہے جس میں نئے کینال کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔