نیشنل پارٹی جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں کی ملاقات، پی بی45 پر ہونے والے انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

جمعرات 12 دسمبر 2024 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2024ء): نیشنل پارٹی کا وفد، رکن مرکزی کمیٹی و ضلع صدر کوئٹہ حاجی میر عطاء محمد بنگلزئی کی سربراہی میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما و امیدوار پی بی 45 حاجی میر عثمان پرکانی کی رہائشگاہ پر نیشنل پارٹی اور جمیعت علماء اسلام کے رہنماؤں کے ملاقات کے موقع پر الیکشن اتحادی دونوں جماعت کے رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا 8 فروری ملک میں جمہوری تاریخ پر ایک نمایاں سیاہ باب ثابت ہوا سریاب کوئٹہ پر فارم 47 کے ذریعے راتوں رات جعلی نمائندے مسلط کیے گئے جو کہ عوامی مینڈیٹ پر شب خون ثابت ہوا عوام کے ووٹوں سے جیتا کوئی اور زبردستی تبدیلی نتائج سے جتوایا گیا کسی اور کو جس کا نہ اس متعلقہ حلقے سے تعلق ہے نا ہی وہ سیاسی وجود رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں الیکشن نہیں باقائدہ پیسوں کے بڑے پیمانے پر ریل پیل کے ذریعے آکشنز میں انتخابی نتائج کو تقسیم کیا گیا جس میں افسوسناک طور پر جمہوریت کی دعوے دار بڑی پارٹیاں سہولت کار اور بینفیشری بنیں۔ تاہم نیشنل پارٹی نے اپنی سیاسی و قومی زمہ داری کا ادراک رکھتے ہوئے پیرا شوٹرز کا راستہ روکنے کے لیے جمعیت علماء اسلام کا پی بی 45 کے 15 پولنگوں پر دوبارہ انتخابات میں مشترکہ امیدوار حاجی میر عثمان پرکانی کی ناصرف بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہوا ہے بلکہ اپنے اتحادی امیدوار کو ان پولنگ سٹیشنز پر بھرپور کمک و مدد بھی کرے گی۔

اسی حوالے سے دونوں جماعتوں کے مابین ذیلی کمیٹیوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جو انتخابات میں مل کر بھرپور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور میر عثمان پرکانی کی جیت کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار حاجی میر عثمان پرکانی و دیگر رہنماوں نے نیشنل پارٹی کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ باعث مسرت ہے کہ جمہوری پارٹیاں غیر جمہوری قوتوں کے خلاف صف بندی میں مشترکہ طور پر یکجا ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ ان پیراشوٹرز اور ان کے لانے والوں کو علاقے اور حلقے کی عوام کی جانب سے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیں گے۔

نیشنل پارٹی کے وفد میں پارٹی کے مرکزی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار، صوبائی کسان سیکریٹری حاجی فاروق شاہوانی، حاجی ادریس شاہوانی، چیرمین اسلم بلوچ، ضلعی رابطہ سیکرٹری نصراللہ شاہوانی، ملک منظور شاہوانی، تحصیل نائب صدر پی بی 46 آغا محمد شاہ، تحصیل جنرل سیکرٹری پی بی 44 عارف کرد، تحصیل جنرل پی بی 46 رحمت اللہ محمد حسنی، میر نصیب اللہ بنگلزئی، نواز بنگلزئی، محمد اعظم کرد، رحمت اللہ لہڑی، حاجی ملک رضا شاہوانی، غلام فاروق شاہوانی، بابو سرپرہ، کامریڈ پرکانی شامل تھے۔