عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر بشیر احمد بلور شہید کی 12ویں برسی /عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کا پیغام:

ہفتہ 21 دسمبر 2024 22:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2024ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی رہنما اور سابق صوبائی وز?ر شہید بشیر احمد بلور کو 12 برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بشیر احمد بلور پوری پختون قوم کے لیے بہادری اور خدمت کی علامت تھے۔ دہشتگردی کے خلاف ان کی جراتمندانہ جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے عملی طور پر ثابت کیا کہ باچا خان کے پیروکار کبھی دہشت کے سامنے تسلیم نہیں ہوسکتے۔ پختون سرزمین پر قیام امن کیلئے انکی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پختونخوا کے عوام موجودہ حالات میں شہید بشیر بلور کی کمی شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ مرکزی صدر اے این پی ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنے شہدائ کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے امن کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آج ایک دفعہ پھر صوبے کے عوام عدم تحفظ کا شکار اور دہشتگردوں کے نرغے میں ہیں۔ صوبائی اور مرکزی حکومت دہشتگردی کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ پختونوں کا خون بہہ رہا ہے لیکن دہشتگرد اور انکے سہولت کار آج بھی آزاد ہیں۔ حکمران سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں، عوام کا تحفظ اور قیام امن کسی کی ترجیح نہیں۔ انہوں نے مز?د کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف حکومتی غیرسنجیدگی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی قومی تحریک کے شہدائ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہید امن بشیر بلور کی برسی کے موقع پر عزم کرتے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔