مقبوضہ کشمیر،آئندہ سال کی تعطیلات کی فہرست سے یوم شہدا کی چھٹی کونکالنے کی مذمت

مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اگست2019میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد 13جولائی کو یوم شہداء کے موقع پر تعطیل کو منسوخ کر دیاتھا

منگل 31 دسمبر 2024 13:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2024ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قابض انتظامیہ کی طرف سے 13 جولائی کے یوم شہدا اور دیگر اہم دنوں کے موقع پرتعطیلات کو آئندہ سال کی چھٹیوں کی فہرست سے خارج کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اگست2019میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد 13جولائی کو یوم شہداء کے موقع پر تعطیل کو منسوخ کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان تنویر صادق نے لیفٹیننٹ گورنر کے اس فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت قابض انتظامیہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جمہوری جدوجہد اور تاریخ کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ یوم شہداء 13جولائی 1931 میں ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج کی طرف سے شہید ہونے والے 23کشمیریوں کی یاد منایاجاتاہے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے بھی قابض انتظامیہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کو مسخ کرنے کی ایک کوشش قرار دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ 13جولائی کی یاد کو مٹانا انسانی وقار اور آزادی کے لیے دی گئی کشمیریوں کی قربانیوں کی توہین ہے۔