ملک کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان

اتوار 5 جنوری 2025 18:20

ملک کے بیشتر اضلاع میں   مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2025ء) بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر ، شمال مشرقی پنجاب ،مری ،گلیات اورگردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے زیادہ تر میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح و رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی بھی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب ، کشمیراور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو ئی اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش چترال میں 59، دیر (بالائی 28، زیریں 3)، دروش 27،میر کھانی 25، کالام 10، پٹن، پاراچنار 3، مالم جبہ، کاکول 2،لاہور (ایئرپورٹ 8، سٹی 3) ،سیالکوٹ (ایئرپورٹ ، سٹی 3) ،گجرات 3،قصور 2، استور 5،سکردو4، اور کوٹلی میں 2 ملی میٹر بارش جبکہ چترال میں 15،استور 3، کالام، دروش 2، اورمالم جبہ میں ایک انچ برفباری بھی ریکارڈکی گئی۔

اتوار کو ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق زیارت میں درجہ حرارت منفی 11،قلات منفی 9،کو ئٹہ منفی 8،گوپس منفی 6،پاراچنار،بگروٹ منفی 4، ہنزہ اور لہہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔