وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی سے سابق گورنر پرنس منصور بن محمد آل سعود کی ملاقات

منگل 7 جنوری 2025 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی سے سعودی عرب کے صوبہ ہافر البطین کے سابق گورنر پرنس منصور بن محمد آل سعود نے پنجاب اسمبلی لاہور میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے سعودی عرب کی جانب سے پنجاب کے مختلف شعبوں میں کئے گئے تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کا فوکس زرعی شعبہ کی ترقی پر مرکوز ہے جس کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ400 ارب روپے کی خطیر رقم سے''ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام''پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت رواں سال میں کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو 150ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

سموگ کے ایشو کا دیرپا حل میکنائزیشن ہے جس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت نے بروقت اقدامات کئے ہیں۔رواں سال میں کسانوں کو 60/40 کی سبسڈی پر5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کئے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب جدید زرعی مشینری کی رینٹل سروسز کا پروگرام بہت جلد شروع کرنے جا رہی ہے جہاں پر تمام مشینری سبسڈی ریٹ پر کسانوں کو دستیاب ہو گی۔وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ میں ایگری مالز قائم کئے جائیں گے جہاں پر کسانوں کو معیاری سیڈ،فرٹیلائزر اور پیسٹی سائیڈز سبسڈی پر دستیاب ہوں گے۔

مشینری خریدنے کے علاوہ کرایہ پر لینے کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت کسانوں کو9500 ٹریکٹرز فی ٹریکٹر 10لاکھ روپے سبسڈی پر فراہم کر رہی ہے۔کسانوں کے الیکٹرک ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت محکمہ لائیو سٹاک کی ترقی و ترویج کے لیے بھی بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔