لاس اینجلس ، جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی، 29 ہزار سے زائد رقبہ لپیٹ میں آ گیا

منگل سے لگی آگ پر اب تک قابو نہ پایا جاسکا، آگ کے نتیجے میں اب تک 7فراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ آگ سے 50 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے، ایک ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز راکھ کا ڈھیربن گئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 10 جنوری 2025 16:30

لاس اینجلس ، جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی، 29 ہزار ..
لاس اینجلس(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 جنوری 2025)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے پیسفک پلیسیڈز میں جنگلات کی آگ نے تباہی مچا دی ہے، امریکی شہرلاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ، جلتے شعلوں نے29 ہزار سے زائد ایکٹررقبے کو لپیٹ میں لے لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق منگل سے لگی آگ پر اب تک قابو نہ پایا جاسکا۔

آگ بجھانے کیلئے پانی اور اہلکار کم پڑ گئے ہیں۔آگ کے نتیجے میں اب تک 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 50 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہاہے تاہم تین روز سے لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ نے تیز ہواﺅں کے باعث 10 ایکڑ سے بڑھ کر کئی ہزار ایکڑ تک کا علاقہ لپیٹ میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

آگ کی شدت سے ایک ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ آتشزدگی سے متاثرہ علاقوں میں95 ہزار صارف بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ80ہزار افراد کو فوری انخلا کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔آگ بجھانے کیلئے فائر فائٹرز کی کوششیں جاری ہیں لیکن وسائل کی کمی کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔

آگ سے متاثر بڑے رقبے پر اب بھی شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ آگ سے متاثرہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ آگ سے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ50 ارب ڈالر سے زائد ہوگیا۔ خشک اورتیز ہواوں کے باعث آگ کی شدت میں اضافے کاخدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں لیکن اس کے نتیجے میں لاس اینجلس شہر کی فضا شدید آلودہ ہو چکی ہے جو شہریوں کیلئے صحت کے سنگین مسائل پیدا کر رہی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں 2ہزار سے زیادہ گھر اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں۔دوسری جانب امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں تاریخ کی بدترین آگ کی سیٹلائیٹ تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں جن کو دیکھ کر آگ کی ہولناکی اور اس سے ہونے والی تباہی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔خشک اور تیز ہواوں سے آگ میں خطرناک اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔