شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 9 دہشت گرد مارے گئے

ان آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جنوری 2025 19:26

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 9 دہشت گرد مارے ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی پر 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یہ دونوں کارروائیاں 11 اور 12 جنوری کی درمیانی شب کیں جہاں پہلے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسیلی میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے اور 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن شمالی وزیر ستان کے علاقے ایشام میں کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے 3 خوارج کو ہلاک کردیا اس دوران 2 دہشت گرد زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، یہ خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار ملک کی سلامتی کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔