کراچی؛ اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقریب میں 100 سے زائد ہندو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے

پیر 13 جنوری 2025 16:31

کراچی؛ اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقریب میں 100 سے زائد ہندو جوڑے شادی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2025ء)پاکستان ہندو کونسل اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی سالانہ رنگارنگ تقریب کا شہر قائد میں انعقاد ہوا جس میں نمایاں اقلیتی پارلیمنٹرین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی زیر سرپرستی سو سے زائد ہندو جوڑے شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، ڈاکٹر رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ غریب اور نادار جوڑوں کا گھر بسا کر روحانی سکون ملتا ہے، فخر ہے کہ اب تک باپ بن کر 1600 سے زائد ہندو جوڑوں کی شادیاں کرا چکا ہوں، ہر سال نئے برس کا آغاز ایک سو پچیس جوڑوں کی شادی کرا کر کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

برقی قمقموں اور رنگارنگ روشنیوں سے سجے ریلوے گرائونڈ کراچی میں منعقدہ اجتماعی شادیوں کی سالانہ 18 ویں تقریب میں سندھ سمیت ملک بھر سے گاڑیوں، بسوں میں باراتی اور جوڑے پنڈال پہنچے جہاں شہنائیوں کی گونج اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا، کاروباری و سماجی اور غیرملکی سفرا سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بھرپور شرکت، نوبیاہتا جوڑوں میں جہیز کا سامان بھی تقسیم کیا گیا۔

اجتماعی شادیوں کی تقریب میں بڑی تعداد میں نوبیاہتا جوڑوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے بچوں کی شادی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہندو کونسل اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔مہمانوں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں مستحق ہندو جوڑوں کے لیے ایسی شاندار تقریب منعقد کرانا بہت بڑا کارنامہ ہے، پاکستان کی ہندو کمیونٹی کو ہر سال شدت سے اس یادگاری تقریب کا انتظار رہتا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اجتماعی شادیوں کی تقریب کے دوران پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملک بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی جس میں تمام مہمانوں نے مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی ایک بہترین مثال پیش کی۔شادی کی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس موقع پر ہاتھوں میں ہاتھوں میں مہندی، ماتھے پر بندیا، خوبصورت ملبوسات میں ملبوس ہرازدواجی جوڑا خوشی سے سرشار نظر آیا۔