الیکشن کمیشن نے 139 قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ اراکین کی رکنیت معطل کردی

جب تک اراکین مالی گوشوارے جمع نہیں کرواتے تب تک اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے؛ ای سی پی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 جنوری 2025 15:42

الیکشن کمیشن نے 139 قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ اراکین کی رکنیت معطل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2025ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 139 قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ اراکین کی رکنیت معطل کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے مالی سال 2023/2024ء کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر متعدد اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کردی، سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جنوری مقرر کی گئی تھی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے تک اراکنن اسمبلی اور سینیٹرزکسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اگر کسی رکن نے گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کیں تو کارروائی ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل، پیپلزپارٹی کے قاسم گیلانی اور مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ سمیت 16 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے، الیکشن کمیشن نے دو سینیٹرز محمد قاسم اور عبد القدوس بزنجو کی رکنیت بھی معطل کی ہے، پنجاب اسمبلی کے 68 ممبران نے گوشوارے جمع نہیں کروائے جس پر الیکشن کمیشن نے ان کی رکنیت معطل کردی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر سندھ اسمبلی کے 15 ارکان بھی معطل کیے گئے ہیں، اسی وجہ سے آئندہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے 33 ممبران بھی صوبائی اسمبلی کی کارروائی میں شریک نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے 5 ارکان کی بھی رکنیت معطل کردی ہے، الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکرز کو معطل اراکین سے متعلق آگاہ کردیا ہے، جب تک اراکین مالی گوشوارے جمع نہیں کرواتے تب تک اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔