آرمی چیف کی یقین دہانی کی وجہ سے این ایف سی معاملہ عدالت نہیں لے کر گیا

آرمی چیف نے این ایف سی سےمتعلق میٹنگ بلانے کا کہا ہے، 150ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا کرپشن میں ایسا کہاں ہوتا ہے؟ ریونیو میں 49فیصد اضافے کا مطلب گورننس اچھی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 فروری 2025 20:22

آرمی چیف کی یقین دہانی کی وجہ سے این ایف سی معاملہ عدالت نہیں لے کر گیا
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 03 فروری 2025ء )وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ آرمی چیف کی یقین دہانی کی وجہ سے این ایف سی معاملہ عدالت نہیں لے کر گیا، آرمی چیف نے این ایف سی سے متعلق میٹنگ بلانے کا کہاہے۔انہوں نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آنے سے پہلے امن وامان کی صورتحال خراب تھی، بقایاجات کا انبار تھاہم نے ریونیو میں 49 فیصد اضافہ کیا، ریونیو میں 49 فیصد اضافے کا مطلب گورننس اچھی ہے، صحت کارڈ بند اور 20 ارب کے بقایا جات تھے ہم نے اس کو بحال کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے این ایف سی متعلق میٹنگ بلانے کی یقین دہانی کرائی، آرمی چیف کی یقین دہانی کی وجہ سے این ایف سی معاملہ عدالت نہیں لے کر گیا، 150 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا کرپشن میں ایسا کہاں ہوتا ہے؟ 67 فیصد مریضوں کا علاج سرکاری ہسپتالوں میں ہونے کا مطلب صوبے میں صحت کا نظام بہترہوا ، نگران حکومت میں ادویات کی خریداری 12روپے تھی اب کم کرکے 5 ارب پر لائے ہیں، انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی۔

(جاری ہے)

آؤٹ چلڈرن سکول بچوں کا بھی غلط بتایا گیا اصل میں بچوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔خیبرپختونخواہ میں اپنی ٹرانسمیشن لائن شروع کردی ہے600 میگاواٹ بجلی دیں گے، ویلنٹائن ڈے پرلائف انشورنس دیں گے، 60 سال سے اوپر والوں کو 5لاکھ اور اس سے کم عمر والوں کو 5 لاکھ ملیں گے۔پنجاب کا بجٹ خسارہ 146 ارب روپے ہے جبکہ ہمارا بجٹ سرپلس ہے۔ مزید برآں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کُرم میں قیام امن کے لیے حکومت نے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں، امن کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں سے حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی، کُرم میں چند جگہوں پر شرپسند ہیں جن کے سروں کی قیمت مقرر کی ہے، شرپسندوں کے سروں کی قیمت اس لیے مقرر کی ہے تاکہ مسئلہ جڑ سے ختم کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ کُرم سو سال سے زیادہ پرانا مسئلہ ہے جو وقتاً فوقتاً اٹھتا رہا ہے، جرگے سے مسائل کا حل نکالا ہے، چیلنجز بہت ہیں تاہم ہر چیلنجز سے مقابلے کو تیار ہیں، بنکرز کُرم میں قیام امن کے لیے مسئلہ تھے جنہیں روز گرایا جا رہا ہے جب کہ راشن کی چار بڑی کھیپ بھی کُرم پہنچائی جا چکی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع کرم میں امن و امان کے قیام کیلیے اسلام آباد میں ہونے والا جرگہ خوشگوار ماحول میں ختم ہوگیا، اسلام آباد میں سابق سینیٹر سجاد سید میاں کے گھر پر جرگے کا انعقاد کیا گیا جہاں عمائدین کے لیے پہلے کھانے کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد جرگے کا آغاز ہوا، عمائدین سے خطاب میں سجاد سیاد میاں نے کہا کہ قیام امن کیلیے عمائدین کو قریب لانے کی کوشش کی۔