Live Updates

عمران خان کے خط کا مقصد ہے کہ فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں

بانی پی ٹی آئی فوج کو کمزور کرنے کی مہم جوئی کررہے ہیں، اگر فوج کمزور ہوتی ہے تو پھر کیا خیبرپختونخواہ میں ان کی حکومت ہوگی؟ عمران خان خط لکھ کر دہشتگردوں کو سپورٹ کررہے ہیں؟ وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 فروری 2025 23:13

عمران خان کے خط کا مقصد ہے کہ فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں
 اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 فروری 2025ء ) وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے خط کا مقصد ہے کہ فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں،بانی پی ٹی آئی فوج کو کمزور کرنے کی مہم جوئی کررہے ہیں۔ انہوں نے جیو نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو خط پہلی بار نہیں لکھا، آج سے دو سال قبل اے آروائی پر ایک بیان جاری ہوا تھا، آپ اس بیان کو نکال لیں اور اس خط کو نکال لیں، خط اور بیان کا ایک ہی تھیم اور ایک ہی قسم کی مہم جوئی ہے، وہ مہم جوئی یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا مقصد ہے کہ فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں، اور اس طرح فوج کو کمزور کیا جائے۔

یہ فوج کے ساتھ جو مہم جوئی کررہے ہیں، اگر موجودہ صورتحال میں فوج کمزور ہوتی ہے تو اس کے نتیجے میں خیبرپختونخواہ میں کیا پھر ان کی حکومت ہوگی؟پھر وہ آئیں گے جو بارڈر پار سے آکرکاروائیاں کررہے ہیں جبکہ فوج ان کو جہنم واصل کررہی ہے، بلوچستان میں کیا قوم پرستوں کو حکومت کا موقع ملے گا، پھر وہاں پہاڑوں پرجو بیٹھے ہیں وہ نیچے اتریں گے، جو بسوں سے اتر کر لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کرکے گولیاں مارتے ہیں وہ پھر لوگوں کو ذبح کریں گے۔

(جاری ہے)

لگتا ہے کہ صورتحال یا توبانی کو سمجھ نہیں آرہی یا پھر وہ جان بوجھ کر ایسا کررہے ہیں۔کے پی کی حکومت پورا زور لگا کر 24 نومبر کو لوگوں کو اسلام آباد میں لائی تھی، وہ کے پی کے عوام کا ایک فیصد بنتا ہے، عمران خان خط لکھ کر دہشتگردوں کو اور دہشتگرد کاروائیاں کرکے بانی کو سپورٹ کررہے ہیں؟دہشتگردی کے خلاف فوج ، رینجرز اور پولیس جو قربانیاں دے رہی ہے اس سے بڑھ کر کیا کرسکتی ہے؟ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ججزکا اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کیا ہے تو کیا ہم نے کوئی ماورائے آئین اقدام کیا ہے؟ کیا 26ویں ترمیم میں آرٹیکل 200 میں کوئی ترمیم کی گئی ہے؟ یہ تو پہلے سے موجو دہے۔

ججز یا فیصلوں پر ایک حد تک تنقید کی جاسکتی ہے ، لیکن ان کے ساتھ جو حمایتی ججزتھے وہ جانبداری نہیں ہے؟کیا جمہوری جدوجہد دہشتگردی کے ذریعے کرنی ہے، کیا یہ خط جیل سے لکھے جارہے ہیں؟ بالکل غلط ہے ، یہ سب کو معلوم ہے کہ کہاں سے لکھے جارہے ہیں،کہاں سے آتے ہیں ان خطوط کے پیچھے کون سی لابیز کام کررہی ہیں۔پی ٹی آئی ملک کے وجود پر حملہ آور ہے، کیا سیاسی جدوجہد ایسی ہوتی ہے؟
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات