یوم یکجہتی کشمیر منانے کا بنیادی مقصد کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے، فیصل ممتاز راٹھور

منگل 4 فروری 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2025ء)وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ (آج) پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا بنیادی مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے، دنیا بھر کے جمہوریت کے علمبرداروں کی توجہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کی جانب مبذول کروانا ہے،وہ ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کر رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردا پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہو چکا ہے،جموں کشمیر کے لوگ گزشتہ سات دہائیوں سے جدوجہد آزادی میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں،ہندو کورٹ نے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر کے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کی ہے، ساری دنیا میں مقیم کشمیری لوگ 05 فروری یوم یکہجتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں تاکہ مودی سرکار کا مقروب چہرہ ساری دنیا کو دیکھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درندہ صفت بھارتی افواج آئے روز مظلوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے، نوجوان بذریعہ سوشل میڈیا کشمیر کے اندر ظلم ستم کی تصویر ساری دنیا کو دیکھائیں اور دنیا کو یہ باور کروائیں کہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت مل نہیں جاتا ہم کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔