ْکشمیر اور پاکستان کا تعلق اٹوٹ انگ ہے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی،سردار عتیق احمد

مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوگی،کشمیری شہداء ،حریت پسندوں کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 4 فروری 2025 20:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہوگی اور کشمیری شہداء اور حریت پسندوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا تعلق اٹوٹ انگ ہے ،تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے اپنا مقدر پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔مجاہد اول نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر اس تعلق کو مضبوط کیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آج کشمیری شہداء کی قبروں پر سبز پرچم اور ان کے سبز پرچموں میں لپٹے تابوت بھی اس تعلق کی واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہے۔بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔اگر دنیا کو خطے میں امن درکار ہے تو پھر دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔اس کے سوا خطے میں امن کا کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کو دنیا بھر میں مسلمانوں نے مظاہرے کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،کشمیر کا بچہ بچہ ہندوستان کو اجنبی سمجھتا ہے ہندوستان کو کشمیر میں کبھی کامیابی نہیں ہو سکتی،مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر حق خودارادیت کا تسلیم شدہ مسئلہ ہے 10لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود ہر کشمیر ی کی زبان پر کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ہے اہل کشمیر یکجہتی کے بھر پور اظہا پر حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں انشاء اللہ جلد ہی ہندوستان کو کشمیر سے نکلناہو گا ،آزادی اور حق خودارادیت کا حصول کشمیریوں کا مقدر ہے،دریں اثنا ء انہوں نے ہفتے کے روز ان یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف تقریبات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتے کی پہچان ہے،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بند کرے 5اگست 2019کے ہندوستانی حکومت کے اقدام کو کشمیر ی عوام نے یکساں مسترد کر دیا ہے۔

دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس نے گزشتہ روزراولپنڈی میں چیمبر آف کامفرنس کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے بھی خطاب کیا۔