ترجمان مسلم لیگ نون کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مبارکباد

جمعرات 6 فروری 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سابق وزیرِاعلیٰ حمزہ شہباز کو مبارکباد دی اور اظہار تشکر کیا۔ جمعرات کے روز جاری اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت نے ماضی کے سیاسی انتقام کا ایک اور سیاہ داغ ختم کر دیا ہے ،سیاسی انتقام میں اندھے ٹولے نے بے گناہ محمدشہباز شریف اور حمزہ شہباز پر بے بنیاد الزام لگائے، جھوٹے مقدمات بنائے ،بریت کا فیصلہ جھوٹ، تہمت اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ حمزہ شہباز نے طویل ترین جیل کاٹی، دو سال سے زائد جیل میں قید رکھا گیا ،جو کیس ہی نہیں بنتا تھا اس میں ناحق محمد شہباز شریف کو چار ماہ اور حمزہ شہباز کو دو سال قید رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک ایسے منصوبے کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا گیا جو عوام کی فلاح کا منصوبہ تھا جس سے بیس دیہات کے گندے پانی کے نکاس کا مسئلہ حل ہوا، ماحولیاتی بہتری ہوئی ، محمدشہباز شریف اور ان کے بیٹے کو عوامی خدمت پر سزا دی گئی، سات سال یہ کیس چلا ،پانچ سال پی ٹی آئی دور میں اس کی تفتیش ہوئی لیکن ایک روپے کی کرپشن نہیں نکلی نہ ہی کوئی غلط کام ثابت ہوا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے گناہوں پر جھوٹے مقدمات بنانے والے آج خود مکافات عمل کا شکار ہیں ،اللہ تعالی نے بے گناہوں کو سرخرو کیا کیونکہ وہ سب سے بڑا منصف ہے، آج اس ناحق ظلم پر ظالموں سے حساب بھی لے رہا ہے ،بریت کا فیصلہ محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی امانت و دیانت کی گواہی ہے۔