lازبکستان نے 7 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر امریکا کو واپس کردیے

ی*افغان فوج کے پائلٹس نے 2021 میں طالبان سے بچاکر وسطی ایشیائی ریاست تک پہنچا دیے تھے

ہفتہ 8 فروری 2025 22:20

bواشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2025ء)ازبکستان نے 7 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر امریکا کو واپس کر دیے، جو افغان فوج کے پائلٹس نے 2021 میں طالبان سے بچاکر وسطی ایشیائی ریاست تک پہنچا دیے تھے۔’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کابل نے مطالبہ کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر افغانستان واپس بھیجے جائیں، جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان پر زور دیا کہ وہ امریکی ہتھیار واشنگٹن کو واپس کریں۔

(جاری ہے)

امریکا نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد طالبان حکومت پر حملہ کرکے اس کا تختہ الٹنے کے بعد 2 دہائیوں تک افغان فوج پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔تاشقند میں امریکی سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا کہ ہم نے ان 7 ہیلی کاپٹروں کو حاصل کرلیا ہے۔وائس آف امریکا نے پینٹاگون حکام کے حوالے سے کہا تھا کہ واشنگٹن نے حالیہ دنوں میں سروس سے باہر کے ہیلی کاپٹروں کو بازیاب کرایا ہے، جن میں طالبان کی پیش قدمی سے فرار ہونے والے افغان فوج کے پائلٹوں نے 2021 میں ازبکستان کے لیے اڑان بھری تھی۔وسطی ایشیائی ریاست کے جنوب میں افغانستان کے ساتھ ایک مختصر سرحد ہے۔وسطی ایشیائی ملک میں معلومات کو سختی سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔