%گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا

اتوار 9 فروری 2025 22:10

%گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2025ء) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر آئی ایس آئی ایس ڈاکٹر طلعت شبیر، ریسرچ فیلو اسداللہ خان اور دیگر کے ساتھ تفصیلی میٹنگ ہوئی۔ اس موقع پر وفد کو ملک کے اس نامور پالیسی ادارے کی جانب سے کی جانے والی تحقیق اور شائع شدہ مطالعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت جاری منصوبوں، خاص طور پر جی ڈی اے پاک چین فرینڈشپ اسپتال کے مثبت اثرات پر گفتگو کی گئی۔ اس اسپتال کی بدولت مکران کے ہزاروں مستحق مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، سی پیک منصوبوں میں ہسپتال اورپاک چائنا ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں جسے سی پیک کے شاندار عوامی منصوبوں میں شمار کیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے ناقدین بھی ان منصوبوں کے متعرف ہیں۔جی ڈی اے اور انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز نے باہمی اشتراک سے ایک تحقیقی پلیٹ فارم کے قیام پر اتفاق کیااور باہمی تعاون کے یاداشتوں پر دستخط کئے جو خطے میں ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔ اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد مقامی آبادی، خصوصا نوجوانوں اور خواتین کی امنگوں کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنا ہے تاکہ پائیدار اور متوازن ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر بلو اکانومی کے بے پناہ امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سمندری وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف امکانات پر غور کیا گیا، جس سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ یہ دورہ جی ڈی اے اور انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے درمیان ایک مثبت اور تعمیری تعاون کیلئے اہمیت کا حامل ہے، جو مستقبل میں خطے کی ترقی اور تحقیق کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔