گورنرخیبر پختونخوا کا صوبائی حکومت کے پاس کردہ ملازمین برطرفی قانون پر بل میں ترامیم کا مطالبہ

پیر 10 فروری 2025 18:03

گورنرخیبر پختونخوا  کا صوبائی حکومت کے پاس کردہ ملازمین برطرفی قانون ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2025ء) گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کے پاس کردہ ملازمین برطرفی قانون پر سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں اعتراضات عائد کرتے ہوئے بل میں ترامیم کا مطالبہ کردیا ۔فیصل کریم کنڈی نے غیر قانونی بھرتیوں کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اجازت سے بھرتی ہونے والے ملازمین کو بل سے نکالا جائے ۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملازمین کو اپیل کے حق سے محروم کرنا آئین کے آرٹیکل 10A کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کی گئی قانونی بھرتیوں کو کالعدم قرار دینا غیر آئینی ہے، صوبائی حکومت بل پر نظرثانی کرے ورنہ عدالتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے شفافیت اور انصاف کے لئے بل میں ترامیم کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ صرف ملازمین نہیں بلکہ بھرتی کرنے والے افسران بھی جوابدہ ہوں گے۔