اسٹیل ٹاؤن،گھر میں فائرنگ سے پولیس اہلکار اور اہلیہ جاں بحق

صوبائی وزیر داخلہ نے واقعہ کو نوٹس لے لیا، ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب

پیر 10 فروری 2025 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2025ء)کراچی کے علاقے اسٹیل ٹائون میں مسلح ملزمان نے پولیس اہلکار اور اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔اسٹیل ٹائون میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے سندھ پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا، جبکہ واقعہ میں پولیس اہلکار خمیسو جوکھیو کی اہلیہ زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم رئیسہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق مقتول خمیسو جوکھیو اسٹیل ٹائون تھانے میں تعینات تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا ملزم پولیس اہلکار کا رشتہ دار ہے، واقعہ میں ملوث ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق پولیس اہلکار اور اس کی اہلیہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعہ کو نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ملیر کو ہدایت دی کہ فوری طور پر پولیس ٹیموں کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیں۔ضیا الحسن لنجارنے کہا کہ پولیس اہلکار پر حملے میں ملوث ملزمان کو فرار نہیں ہونے دیں گے، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔