پاکستان میں اسلام کا نظام ہوگا تو غریب کو انصاف ،حقوق مہیا ہونگے ، شاداب رضا نقشبندی

قادیانیوں کی سرگرمیوں کو آئین کے تحت روکنا ہوگا ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

بدھ 19 فروری 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2025ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ عوام ایسا نظام چاہتے ہیں غریب کو بلا تفریق حقوق مہیا ہوں فوری انصاف کی فراہمی ہو ،پاکستان کو بدلنا ہے تو اس کے نظام کو بدلنا ہوگا یہاں اللہ کا نظام قائم کرکے مظلوم غریب عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالناہوگا،پاکستان میں اسلام کا نظام ہوگا تو غریب کو انصاف ،حقوق مہیا ہونگے ،دین سے دوری کی وجہ سے ملک میں بے حیائی کو فروغ مل رہا ہے دینی ودنیاوی تعلیمات سے بچوں آراستہ کرناہمارے پر فرض ہے ،تمام مسائل کا حل آقا کریم ﷺ کے نظام کے نقاذ میں ہے حکمران اپنا رخ مغرب کی بجائے مدینہ منورہ کی طرف کرلیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ناموس مصطفیﷺ کی پاسبانی اور نظام مصطفیﷺ کی حکمرانی کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے،ہم نے نظریات کی چمک حضرت امام احمد رضا بریلوی سے حاصل کی ہے ،اور طاغوت سے ٹکر اجانے کا سبق مولانا شاہ احمد نورانی سے پڑھا ہے ،امریکہ اسرائیل اور بھارت کی تکون انسانی خون سے بھری نظر آتی ہے ،اسرائیل کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں اور انڈین آرمی کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کے خون سے آلودہ ہیں، حکومت کی مناقص پالیسیوں کے سبب ملک مسائل کی دلدل میں دھنسا ہواہے ، پاکستان کے نظریات واساس پر کسی کو حملہ کرنے نہیں دینگے ،ختم نبوت پر حملہ اسلام اور پاکستان پر حملہ ہے ،آئین ختم نبوت کا تحفظ کرتا ہے ،پر امن ہیں ہماری پرامن اور محب وطنی اور صبر کا حکمران امتحان نہ لیں ،پاکستان سنی تحریک ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لے گی ،سیاست میں آنے کا مقصد اقتدار نہیں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہے ،عوام کو سستا انصاف ،مسائل کا حل اور عزتوں کے تحفظ کیلئے نظام مصطفی کا نفاذ نہایت ضروری ہوچکا ہے ،تاجدار ختم نبوت کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہادینگے ،سنی تحریک کے کارکنان کی بے مثال قربانیاں سب کے سامنے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کا تحفظ کرنا عوام اور عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے ،حکمران طبقہ جمہوریت کے نام پر عوام کے حقوق کا استحصال کررہا ہے ۔