سانگلہ ہل ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راکی ہدائت پر ایلیمنٹری ونگ کی طرف سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا

جمعرات 20 فروری 2025 16:15

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ کی طرف سے گرینڈ شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرنگرانی سکول ایجوکیشن کی طرف سے باقاعدہ شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چہور سکھا ں میں گزشتہ روز افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ہیڈ ماسٹرمحمد شہباز مرزا نے کی،جبکہ ڈی ای او سیکنڈری ننکانہ ڈاکٹر صائمہ ناہید مہمان خصوصی تھیں، ڈی ای او سیکنڈری صائمہ ناہید نے طلبا اور دیگر شرکا کے ہمراہ پودے لگائے،تقریب میں ڈپٹی ڈی ای او جاوید گل، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر رضوان عباس،ہائی سکول نمبر1کے پرنسپل سید ظہور الحسن شاہ،کوٹلہ کاہلوں کے سینئر ہیڈ ماسٹر میاں طاہر شہزاد، پرنسپل علامہ اقبال سکول حاجی ملک محمد افضل،عوامی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر میاں طارق جمیل،ریسکیو 1122کے انچارج محمد نواز، کمیونٹی انسرکٹر رانا فیصل اور انکی ٹیم،اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے حصہ لیا،ڈی ای او سیکنڈری ننکانہ ڈاکٹر صائمہ ناہیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا ایک ایسا عمل ہے جس سے نہ صرف ماحول کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ پودے لگانے والے کو اس کار خیر کا مرنے کے بعد بھی اجر ملتا رہتا ہے، ہمیں چاہئے کہ عملی طور پر درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کے حوالے سے حضور کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، نبی کریم نے اپنی حیات کے دوران مختلف مواقع پر درخت لگانے سمیت فطرت کی اہمیت اور ماحول کی دیکھ بھال پر زور دیا، انہوں نے اپنے صحابہ کو بھی درخت لگانے کا درس دیا، 1400 سال قبل حضرت محمد کی تعلیمات ماحولیاتی تحفظ کے عصر حاضر کے تصورات سے نمایاں طور پر ہم آہنگ ہیں اور درخت لگانے اور فطرت کی دیکھ بھال کی اہمیت کو عبادت اور صدقہ جاریہ قرار دیتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کیلئے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں بلکہ صاف آب و ہوا، حیاتیاتی تنوع میں اضافے اور پائیدار ذریعہ معاش کے ذریعے معاشرے کے افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے بھی اہم ہیں۔