مدارسِ اسلامیہ کو عر بی زبان اور جدید سائنٹیفک آلاتِ جدید سے ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے، پروفیسر فیصل بن سیّد القلاف

ہفتہ 22 فروری 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2025ء)دینی علوم عالیہ کی عظیم دانش گاہ جامعہ ابی بکر الاسلامیہ گلشن اقبال کراچی اور المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر ڈی ایچ اے فیز 4کراچی میں طلبہ کرام، اساتذہ کرام اور کراچی کے تشنگانِ علم و عرفان کو کویت یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر فیصل بن سیّد القلاف نے اپنے خصوصی لیکچرز میں اسلامی کتب کا ترجمہ و تفسیر بیان کرکے اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا لیا ہے انہوں نے جامعہ ابی بکر الاسلامیہ اور (MIRC) جامع مسجد سعد بن ابی وقاصؓ میں 7اور 4روزہ دورے کے دوران اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی طلبہ عربی زبان اور قرآن و حدیث اور آسمانی علوم عالیہ پر مکمل گرفت حاصل کرکے خود کو پوری دنیا میں اور خصوصاً پاکستان میں معاشرتی اور خاندانی تعلیم دینے میں کامیاب ہوسکتے ہیں یاد رہے کہ ان علمی ورکشاپس کے مرکزی کوآرڈی نیٹرجامعہ ابی بکر کے سابقہ طالب علم پروفیسر فراز الحق ہیں جن کی (Coordination) اور رہنمائی سے اہلحدیث دینی جامعات اور دیگر دینی اداروں میں الشیخ فیصل بن القلاف کویت کے خصوصی لیکچرز کااہتمام ممکن ہوسکا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اور پاکستان کے دینی مدارس میں عربی زبان کو مخصوص انداز میں فروغ دینا ہوگا اور اس دورِ جدید میں سائنٹیفک جدید آلات سے بھی مدارس کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ مدیرالجامعہ پروفیسر حافظ عبیداللہ اور المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر ڈی ایچ اے فیز 4کراچی کے مدیر پروفیسر عثمان صفدر نے ڈاکٹر پروفیسر فرازالحق اور سینٹرل میڈیا ترجمان (مدارس دینیہ کراچی سندھ) عبدالرحمن عابد راجپوت کو بتایا کہ کویت ، متحدہ عرب امارات، سعودیہ عربیہ، جامعتہ الازہر مصر ودیگر اسلامی ممالک سے پروفیسرز ، لیکچرارز اور دینی علمی شخصیات کی پاکستان آمد ہمارے لئے کارآمد اور نیک شگون ثابت ہورہی ہے اسلئے کہ ان کے دینی اور علمی ورثے ، قرآن و حدیث اور آسمانی علوم عالیہ کی علمی گتھیوں کو سلجھانے میں پروفیسر ڈاکٹر فیصل بن سیّد القلاف اور دیگر مشائخ نے ہمارے جامعات میں آکر ہمیں اور جامعات میں زیرتعلیم طلبہ کو جو علمی ، تعلیمی ، سماجی اور مذہبی شعور وآگاہی ڈیلیور کی ہے ہم ان کے ہر طرح سے مشکور و ممنون ہیں۔

انہوں نے طویل سفر طے کرکے اپنی علمی و تعلیمی گفتگو سے ہمیں اور ہماری طلبہ برادری کو سرفراز فرمایا ہے ۔ پروفیسر عثمان صفدر، پروفیسر حافظ عبیداللہ ، پروفیسر ڈاکٹر طاہر آصف ، الشیخ محمدحسین بلتستانی ، حماد امین چاولہ، پروفیسر عبداللہ شمیم ودیگر نے اپنے مشترکہ تعلیمی اور فلاحی پیغام میں کہا کہ دینی مدارس کا پہلا اور آخری ہدف یہ ہونا چاہیے کہ وہ انسانی سوسائٹی کے تعلق کو آسمانی تعلیمات سے جوڑیں ان اساتذہ کرام اور مشائخ نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی سوسائٹی اپنی خواہشات و نظریات اور اپنی محدود سوچ پر چل کر آخرت کی فلاح حاصل نہیں کرسکتے بلکہ دنیا و آخرت میں نجات و مغفرت کا سبب صرف اور صرف اسلامی تعلیمات اور وحی الٰہی سے رہنمائی حاصل کرنے میں ہے۔