امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کا دعویٰ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے،کاشف سعید شیخ

بدھ 26 فروری 2025 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2025ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور’’ بحالی امن ایکشن کمیٹی‘‘ کے صوبائی کنوینر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کی سڑکوں پر بہتا خون ڈاکوئوں اوردہشت گردوں کا نہیں بلکہ سندھ کے وجود کی بقا کیلئے جدوجہد کرنے والے ان نوجوانوں کا بہہ رہا ہے جنہوں نے دریائے سندھ پر ’’ تمام کینال ا نامنظور‘‘ کا نعرہ بلند کیا ہے۔

سندھ کے عوام کو اب میروں، پیروں، وڈیروں، بھوتاروں اور شہداء کے نام پر عوام کو بیوقوف بنا کر ووٹ لے کر اقتدار میں آکر سندھ کے معدنی وسائل، زمینوں اور پانی پر سودے بازی کرنے والوں کی غلامی سے آزادی کیلئے آگے بڑھ کر ہماری جدوجہد میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے دوسری صورت میں ہماری آنے والی نسلیں بھی ان وڈیروں اور جاگیرداروں کی غلامی میں جکڑی رہیں گیں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کی جانب سے ڈاکو راج،متنازعہ کینالوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے اپوزیشن کے رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے اور پولیس گردی کے ذریعے سیاسی کارکنوں کو زبردستی دہشت گرد بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس کے نتائج نہ تو جمہوریت، نہ ہی عوام اور ملک کیلئے بہتر نکلیں گے، جی ڈی اے رہنماء غلام مرتضیٰ جتوئی سمیت تمام سیاسی کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات فی الفور ختم کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحالی امن ایکشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جیئے سندھ محاذ کے عمران منگی، اقلیتی رہنما ڈاکٹر مہر چند، امداد اللہ بجارانی، عبدالسمیع شمس بھٹی، اسلامک لائزر موومنٹ کے ایڈوکیٹ اصغر علی پہوڑ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اپر سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال، پولیس کی جانب سے سیاسی کارکنان کیخلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنے اور پولیس گردی سمیت آئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ دعویٰ کہ شکارپور اور گھوٹکی سمیت اپر سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، ایک طرف سندھ میں ڈاکو راج اور اغوا انڈسٹری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے تو دوسری جانب دریائے سندھ میں کے اوپر نئی نہریں بنانا اور کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمینیں کمپنی حکومت کو دے کر سندھ کے عوام کے پیروں تلے سے زمین نکالی جارہی ہے۔

سندھ کے لوگ پانچ منٹ پہلے پانی کھولنے پر اپنے بھائیوں کو بھی مارنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں وہ دریائے سندھ سے 06 نئی نہریں کھودنے پر خاموش بیٹھے رہیں گے یہ حکمرانوں اور پیپلز پارٹی کی بہت بڑی بھول ہے۔دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے کیخلاف جدوجہد کرنے پر ہمیں قوم پرستی کا طعنہ دینے والے یاد رکھیں کہ سندھو دریا سندھ کے عوام کی سانس اور زندگی کا ذریعہ ہے، سندھ کے کروڑوں لوگ دریا کو بچانے کے لیے آخری حد تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ دریائے سندھ’’ شیر دریا‘‘ ہونے کے ساتھ ساتھ اس خطے کیلئے سانس کی حیثیت رکھتا ہے، دریائے سندھ پر ڈاکہ ڈالنے کیخلاف سندھ کے عوام کی پٴْرعزم جدوجہد کو زیادہ دیر روکا نہیں جا سکتا۔ سندھ میں بڑھتی بدامنی، ڈاکو راج،م تنازعہ کینالوں اور کارپوریٹ فارمنگ منصوبے کے ذریعے قیمتی زرعی زمینوں پر قبضے کیخلاف جماعت اسلامی تمام سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے ساتھ تاریخی جدوجہد میں شامل ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔