پی ٹی آئی دور میں صحت کارڈ میں کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں، جعلی اور فیک نیوز کا تدارک ضروری ہے ،عظمی بخاری

جمعہ 28 فروری 2025 16:27

پی ٹی آئی دور میں صحت کارڈ میں کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں، جعلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی ، وزیر اعلی مریم نواز نے ایک سال میں پنجاب میں 90 سے زائد منصوبے شروع کئے،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ، پی ٹی آئی دور میں صحت کارڈ میں کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں، جعلی اور فیک نیوز کا تدارک ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ 26 فروری کو وزیر اعلی مریم نواز کی حکومت کا ایک سال مکمل ہوا، اس دوران انہوں نے پنجاب کے عوام کیلئے 90سے زائد منصوبے شروع کئے ، وزیر اعلی مریم نواز کے اشتہارات میں عمارتیں نہیں چھاپیں بلکہ اقدامات بتائے گئے ،وزیر اعلی نے صحت کارڈ ،کسان کارڈ یا مفت ادویات لوگوں کے گھر وں میںجا رہی ہیں جبکہ مخالفین کو مریم نواز کے منصوبوں کی بہت تکلیف ہے انہیں پنجاب حکومت کی کارکردگی ہضم نہیں ہو رہی کیونکہ ان کے پاس بزدار ماڈل تھا،وہ بزدار جسے اپنی شناخت کیلئے محمد شہباز شریف کے نام کی ضرورت رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے دور حکومت میں 100 دن میں خالی پیکج چھاپاکیونکہ وہ مصروف تھے،وہ افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ ،چینی ،آٹا ،ادویات سکینڈل میں مصروف تھے،بزدار دور میں وزیر اعظم کہتا کہ عثمان بزدار اپنی کارکردگی اشتہارات کے ذریعے بتائیں یہ تو حال تھا ، بزدار کے ایک سالہ دور میں تبدیلی پروگرام میں عوام سے کئے گئے وعدے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریا ں دینا صرف جھوٹ تھا، بلدیاتی نظام پر بانی پی ٹی آ ئی نے شب خون مار کر بلدیاتی انتخابات نہیں کر وائے ، اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کے ذریعے10ہزار گھر مکمل ہونے کو ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے منصوبوں کا کوئی ریکارڈ نہیں یہ منصوبے صرف سوشل میڈیا پر تھے ، پی ٹی آ ئی کا دور حکومت مختلف سکینڈلز سے بھرا رہا ، پیسے لے کر تقرر وتبادلے کئے جاتے رہے ، صحت کارڈ میں کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں ، پی ٹی آ ئی کی طرف سے یکطرفہ اور بے بنیاد پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایک جعلی مہم چلائی گئی کہ منصوبہ عثمان بزدار تھا اور تختیاں مریم نواز لگا رہی ہیں، ڈائلسز پروگرام بزدار کا نہیں بلکہ محمد شہبازشریف کا تھا،بزدار دور میں صرف گیارہ سو لوگوں کا ڈائلسز ہوا اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہیں رہی جبکہ وزیر اعلی مریم نواز نے ڈائلسز کی رقم دس لاکھ روپے کردی ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز اپنے دور حکومت کے چھ ماہ میں ائیر ایمبولینس لے کر آئیں لیکن پی ٹی آئی والے یہ کہتے رہے کہ سمری منظوری ہو گئی لیکن ائیر ایمبولینس نہیں لائی گئی، ساڑھے سات لاکھ سے زائد کاشتکارکسان کار ڈ کے ذریعے 50ارب روپے کی خریداری کر چکے ہیں اس کے ساتھ کسانوں کو ٹریکٹر و نئے آلات دئیے جا رہے ہیں،چار ایگری مالز بھی کسانوں کو دینے جا رہے ہیں، صرف دس ماہ میں گرین بسیں مریم نواز لے کر آئیں جن میں سے ستائیس بسیں سڑکوں پر ہیں جبکہ500بسیں باقی شہروں میں چند ماہ میں ہر جگہ نظر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی ،وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے شروع کئے ،ایک سال میں پنجاب حکومت کی کارکردگی مثالی رہی ،مریم نواز نے اپنی کارکردگی سے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور فیک نیوز کا تدارک ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بزدار بسیں یا ائیر ایمبولینس لے آتے تو کس نے روکا تھا،دھی رانی پروگرام سے 1500 شادیاں ہو چکی ہیں، ہمت کارڈ سے10ہزار روپے لوگوں کو مل رہا ہے،مریم نواز کی کارکردگی سے تکلیف ہے تو یہ کہ چار سال اس تکلیف کو برداشت کرناہے، انہیں بچوں کے ہاتھوں میں زمان پارک میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ دینے چاہییے تھے لیکن پی ٹی آئی نے ان کے ہاتھوں میں پیٹرول بم تھما دئیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ وہ کھلاڑی جو ملک کے ساتھ کھیلتا رہا، خارجہ پالیسی اور ملکی معیشت کو تباہ کیا آج بھی باز نہیں آ رہا، پی ٹی آ ئی نے اپنے دور حکومت میں کینسر کی ادویات بند کروا دی تھیں جبکہ وزیر اعلی مریم نواز نے دو بڑے ہسپتال محمد نوازشریف کارڈیالوجی سرگودھا اور محمد نوازشریف کینسر ہسپتال لاہور میں منصوبوں کا آغا ز کیا ہے، پی ٹی آ ئی نے ملک کے کسی حصے کی کوئی ہسپتال یایونیورسٹی بنائی ہو یا اسے ٹھیک کیا ہو تو عوام کو بتایا جائے ۔