گجرات میں ویگو ڈالے پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق

مرنے والوں کا تعلق ایک ہی گاؤں سے بتایا گیا، پولیس نے واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 مارچ 2025 20:20

گجرات میں ویگو ڈالے پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ 2025ء ) صوبہ پنجاب کے علاقے گجرات میں نامعلوم افراد نے ویگو ڈالے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی گرفتاری کیلیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گجرات کے علاقے ڈنگہ میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے سیاہ رنگ کی ویگو گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے باعث ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 6 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں، جن کی شناخت زاہد ناظم، مبشر، زنیر، جاوید اقبال، رخسار اور ایک نامعلوم سے ہوئی ہے اور ابتدائی طور پر یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لے کر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی جاری کردیا جب کہ ڈی پی او گجرات نے بتایا کہ سینئر پولیس افسران، فارنزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔