لکی مروت، سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، 3 خوار ج ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، دھماکوں اور فورسز پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے ناموں سے ہوئی ہے، ترجمان پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 جولائی 2025 10:30

لکی مروت، سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، 3 خوار ج ہلاک
لکی مروت(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05جولائی 2025)لکی مروت میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی،3خوارج ہلاک،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے ناموں سے ہوئی ہے، جو ضلع لکی مروت کے رہائشی تھے۔ تینوں دہشت گرد سی ٹی ڈی کو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، دھماکوں اور فورسز پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق بنوں کی حدود میں کارروائی 25 منٹ تک جاری رہی جس میں مقامی پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ساتھی یا سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد ایل ایچ سی وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور کانسٹیبل ادریس کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کایہ بھی کہناتھاکہ دہشت گردوں کی ہلاکت سے علاقے میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بن گئی ہے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیاتھا۔ان دہشتگردوں کا تعلق اس نیٹ ورک سے تھا جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کاکہناتھا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیاگیاتھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا گیا تھا۔ یکم اور 2 جولائی کی درمیانی رات بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتا چلا جس کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کی گئی تھی۔شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ”فتنہ الخوارج“کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔