ایچ ای سی کا ملحقہ کالجوں کے 300 اساتذہ کے لئے ملک گیر تربیت کا انعقاد

بدھ 5 مارچ 2025 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) کے تحت ملحقہ کالجوں کے اساتذہ کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ملک گیر تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ کی زیرقیادت اس اقدام کا مقصد طلباء میں ضروری سیکھنے کی مہارتوں کو فروغ دینے کے لئے اساتذہ کی صلاحیت کو مضبوط بنا کر وسائل سے محدود الحاق شدہ کالجوں میں تدریس اور سیکھنے کے معیار کو بڑھانا ہے۔

تربیتی پروگرام کو نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا تھا۔ کنسلٹنٹ/ماسٹر ٹرینر آئی آئی یو آئی ڈاکٹر کاشف سہیل ملک کی قیادت میں ناہی کے منظور شدہ 18 ریسورس پرسنز اور ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں سے 300 سے زائد اساتذہ کو تربیت دی۔ یہ تربیت بڑے شہروں میں آٹھ گروپس میں منعقد کی گئی جن میں اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، بہاولپور، لاہور اور سکردو شامل ہیں۔ تربیت کا آغاز حال ہی میں منعقدہ لرننگ سکلز اسسمنٹ ٹیسٹ کے نتائج کے بعد کیا گیا ۔