سپیکر قومی اسمبلی کی بنوں کینٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

بدھ 5 مارچ 2025 22:09

سپیکر قومی اسمبلی   کی بنوں کینٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ شب بنوں کینٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور ملک دشمن کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بنوں کینٹ پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن شرپسند عناصر کبھی بھی اپنی مذموم سازش میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور امن کے خلاف اٹھنے والے ہر ہاتھ سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔