!خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

جمعہ 7 مارچ 2025 20:25

Cلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن خواتین کی صلاحیتوں، قربانیوں اور خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اور ان کے بغیر ایک خوشحال اور متوازن سوسائٹی کا تصور ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے، جس نے چودہ سو سال قبل عورت کو عزت، برابری اور مساوی حقوق دیے۔ ماں کے قدموں تلے جنت، بیٹی کو رحمت اور بہن کو عزت کا درجہ دیا گیا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق، خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں مثبت کردار ادا کرنے کی مکمل آزادی اور حوصلہ افزائی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سپیکرملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

تحریکِ پاکستان میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم رعنا لیاقت علی خان کی خدمات ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت ہو یا ملالہ یوسف زئی کی تعلیم کے لیے جدوجہد، ہماری خواتین نے ہر دور میں اپنی ذہانت، ہمت اور عزم کی مثالیں قائم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی خواتین تعلیم، صحت، سیاست، معیشت، عدلیہ اور دیگر شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں، جو ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی علامت ہے۔

ملک کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اور ان کی ترقی و خوشحالی درحقیقت پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کے تحفظ، مساوی حقوق، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور معاشی خودمختاری کے لیے مؤثر پالیسیوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔آخر میں، سپیکر نے تمام خواتین کو اس دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں خواتین کو ان کے حقوق، عزت اور مساوی مواقع حاصل ہوں، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔