وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کیلئے کوشاں ہیں: خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 8 مارچ 2025 22:55

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اچانک ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود بھی ہمراہ تھے۔چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹرفرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، ایڈیشنل سیکرٹری انوار بریار اور ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب بھی ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی، اوپی ڈی، میڈیکل وارڈ، فارمیسی، ڈائیلسز سنٹر اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نثار احمد سعیدی نے سروسز کی فراہمی بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات دیکھنے کیلئے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی ہر صورت یقینی بنائیں۔ ادویات کی کمی کی کوئی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں میں چیف منسٹرز ڈائیلاسز کارڈ تقسیم کئے اور ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں کوعلاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔

ڈائیلسز سنٹر کو20 نئی مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کو فنکشنل کرنے بارے صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا کہ عمارت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مشینوں کی خریداری کا عمل جاری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جون تک مکمل فنکشنل کردیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے کہاکہ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی آورز میں نجی کلینک پر کام کرنا لمحہ فکریہ ہے۔صوبائی حکومت ٹیچنگ ہسپتالوں میں سالانہ210ارب روپے صرف تنخواہوں کی مد میں خرچ کررہی ہے۔